Uncategorized

آئی سی سی نے چیمپئینز ٹرافی 2025 کی پروموشنل ویڈیو جاری کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئینز ٹرافی 2025 کی پروموشنل ویڈیو جاری کردی۔

ویڈیو میں پاکستان کو چیمپئینز ٹرافی 2025 کا میزبان دکھایا گیا ہے۔

آئی سی سی نے چیمپئینز ٹرافی کی پروموشنل ویڈیو میں لاہور کا تاریخی دہلی گیٹ دکھایا ہے جبکہ لاہور کے ٹرک آرٹ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا لمحہ بھی ویڈیو میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ایونٹ کے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے جب کہ مزید چند روز تک اعلان میں ناکامی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے ایونٹ سے قبل ’100 ڈیز ٹو گو‘ کے موقع پر ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا تھا مگر حالیہ پاک ۔ بھارت ڈیڈ لاک کی وجہ سے اعلان نہیں کیا جاسکا۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر حکومتی ہدایت پر آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پر انکار کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے سخت مؤقف سے آگاہ کیا گیا تھا۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button