پاکستان

آزاد کشمیر الیکشن، 45 حلقوں کے 724 امیدواران کی حتمی فہرست جاری

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے 724 امیدوارو ن کی حتمی فہرست جاری کی، 25 جولائی کو 45 انتخابی حلقوں میں یہ امیدوار الیکشن لڑیں گے۔ فاروق حیدر، سردار یعقوب اور چوہدری یاسین دو دو حلقوں سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے 45 انتخابی حلقوں میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کردی۔ آزاد کشمیر کے 33حلقوں سے 602 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کریں گے جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں 122 امیدوار حصہ لیں گے۔ ن لیگ نے 45 میں سے 44 حلقوں میں امیدوار اتارے۔
وزیر اعظم فاروق حیدرچکار اور لیپہ کے دو انتخابی حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود میرپور جبکہ تنویر الیاس باغ سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔ پیپلز پارٹی کے صدر لطیف اکبر کھاوڑہ مظفرآباد سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین پی پی پی کے ٹکٹ پر کوٹلی میں دو حلقوں سے آئندہ پانچ سال کے لئے سیاسی قسمت آزمائی کریں گے۔ اسپیکر شاہ غلام قادر نیلم، سینئر وزیر طارق فاروق بھمبر جبکہ امیرجماعت اسلامی عبد الرشید ترابی باغ سے الیکشن لڑیں گے۔
سابق صدر و وزیر اعظم سردار یعقوب خان راولاکوٹ کے دو حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عتیق دھیر کوٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلزپارٹی (شہید بھٹو) آزاد جموں وکشمیر کو سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹرڈ کر کے اسے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی، اس پارٹی کو”مکا“ انتخابی نشان جاری کر دیا گیا۔
آزاد کشمیر میں 32 لاکھ 20 ہزار 546 رائے دہندگان 25 جولائی کو پانچ سال کے لئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ ان انتخابات میں پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نواز کے درمیان کا نٹے کا مقابلہ ہو گا جبکہ مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت کی وجہ سے ان کے امیدوراروں کو دیگر جماعتوں کے امیدواروں پر برتری حاصل ہے۔

Leave a Reply

Back to top button