شوہر کی جانب سے بیوی کو 12 سالوں تک گھر میں نظر بند رکھنے کا انکشاف سامنے آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست کرناٹک کے ضلع میسور کے گاؤں ہیریگے میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا جو بیوی پر مظالم ڈھاتا تھا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ متاثرہ خاتون ملزم کی تیسری بیوی ہے جس پر وہ سالوں سے تشدد کرتا رہا، اس نے شادی کے پہلے ہی دن بیوی کے کردار پر شک کیا اور اسے ایک کمرے تک محدود کر لیا۔
تحقیقات میں پتا چلا کہ پہلی اور دوسری بیوی نے متاثرہ خاتون پر مظالم کے باعث ملزم سے علیحدگی اختیار کی، ملزم نے تیسری بیوی کو جس کمرے میں بند کیا تھا اسے تین تالے لگائے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم متاثرہ خاتون کو گھر سے باہر جا کر ٹوائلٹ استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں دیتا تھا، خاتون کے رشتے داروں نے پولیس کو خفیہ معلومات فراہم کیں جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ملزم نے بیوی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے گھر سے باہر نکلنے کی کوشش کی یا کسی کو کچھ بتایا تو وہ اسے جان سے مار دے گا۔
خاتون کی والدہ نے علاقے کی بااثر شخصیات سے شکایت کی تھی لیکن ملزم باز نہیں آیا۔ اس کے دو بچے ہیں جنہیں والدین کے گھر بھیج دیا گیا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ شوہر نے مجھے کمرے میں بند کر کے رکھا یہاں تک کہ بچوں سے بھی بات کرنے کی اجازت نہیں تھی، وہ بلا وجہ مجھ پر تشدد کیا کرتا تھا