تازہ ترین

نیلسن منڈیلا نے عمران خان کو بُلاکر کیا کہا تھا؟

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر بننے والے نیلسن منڈیلا سے ملاقات کی یاد تازہ کردی۔

حال ہی میں چیئرمین پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا تھا جس میں اُنہوں نے عوام کے سوالات کے جوابات دیے تھے۔

اس سیشن کے دوران سلمیٰ سید نامی خاتون نے عمران خان سے سوال کیا تھا کہ ’26 سال کے سیاسی سفر میں اتنی ناکامیوں کے بعد بھی، آپ کے چہرے پر کبھی مایوسی کیوں نہیں آئی؟‘

اس سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’اگر آپ اس سوچ کے ساتھ وزیراعظم بنیں کہ آپ نے اپنی جائیدادیں بنانی ہیں تو آپ کو اپنی ناکامی پر مایوسی ہوگی لیکن اگر آپ اپنی ذات سے ہٹ کر صرف اپنے لوگ اور عوام کی خدمت کے بارے میں سوچیں گے تو آپ کو اپنی ناکامی پر مایوسی نہیں ہوگی‘۔

عمران خان نے جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر بننے والے نیلسن منڈیلا سے ملاقات کا یادگار قصہ سُناتے ہوئے کہا کہ ’ایک بار نیلسن منڈیلا نے مجھے جنوبی افریقہ مدعو کیا، وہاں جاکر میں نے دیکھا کہ اُن کا ایوانِ صدر بےحد خوبصورت اور بڑا تھا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’نیلسن منڈیلا نے ایوانِ صدر میں ہمارے لیے دعوت کا اہتمام کیا لیکن اُنہوں نے بتایا کہ وہ اس خوبصورت ایوانِ صدر میں نہیں بلکہ اپنے فلیٹ میں رہتے ہیں‘۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’نیلسن منڈیلا نے بتایا کہ وہ نہیں چاہتے، اس محل سے اُن کا لگاؤ ہوجائے اور جب چھوڑنے کا وقت آئے تو اُنہیں مشکل ہو‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اپنی ذات سے ہٹ کر ملک اور عوام کے لیے سوچا اور اُن کی ساری زندگی جدوجہد میں گُزری‘۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button