پاکستان

ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالے ہوجائیں ہوشیار! ٹریفک پولیس کا بڑا فیصلہ

ٹریفک پولیس نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر بھرپور ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا، سیکشن آفیسر کو سڑکوں سے ڈبل پارکنگ کلیئرکرانے کی ہدایت کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں سے بھرپور طریقے سے نمٹا جائے گا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں کہا گیا کہ ون وے کی خلاف ورزی سے ٹریفک کا دباؤبڑھتا ہے اور حادثات رونما ہوتے ہیں،

اجلاس میں سیکشن آفیسر کو ہدایت کی گئی کہ کراچی کی سڑکوں سے ڈبل پارکنگ کو کلیئرکرائیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک مانیٹرنگ یونٹ سے مسلسل رابطہ رکھا جائے۔

رانگ سائڈ استعمال کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کراچی میں ال لیگل رکشوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا کہ رکشوں میں پیچھے لگے پائیدان کٹوائے جائیں۔ رکشے مسافروں کو گنجائش سے زیادہ بٹھاتے ہیں جو حادثے کا سبب بنتا ہے۔

ٹریفک پولیس ترجمان نے کہا کہ موٹرسائیکل کے آگے اور پیچھے دونوں جگہ نمبر پلیٹس کا ہونا لازمی ہے۔ نمبر پلیٹ نہ ہونے پر قانونی کارروائی کیساتھ موٹر سائیکل بھی ضبط کی جائے۔

موٹرسائیکل پر ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے۔ شہری اپنے تحفظ کیلئے ہیلمٹ کا استعمال پابندی سے کریں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکار شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور خدمت کیلئے خلوصِ نیت سے فرائض انجام دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button