تازہ ترینجرم کہانیویڈیوز

ویڈیو: دنیا کا سب سے کم عمر سیریل کِلر کون ہے؟

دنیا کا سب سے کم عمر سیریل کلر بھارت کا رہائشی امرجیت ساڈا ہے جس نے پہلا قتل 8 سال کی عمر میں کیا اور تین افراد کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔

دنیا میں کئی سیریل کلرز ہیں جن کے اقدامات کے پیچھے ہمیشہ نفسیاتی وجوہات سامنے آتی ہیں، سیریل کلرز پر کئی فلمیں بھی بن چکی ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک ایسا سیریل کلر بھی ہے جس کو دنیا کا سب سے کم عمر سیریل کلر سمجھا جاتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کا کم عمر سیریل کلر امر جیت ساڈا ہے جو بھارتی ریاست بہار کے گاؤں مشہر کا رہائشی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اس نے سب سے پہلا قتل 8 سال کی عمر میں کیا تھا اور مبینہ طور پر تین افراد کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔

رپورٹ کے مطابق امر جیت ساڈا کے والدین انتہائی غریب تھے اور دو وقت کی روٹی کے لیے بھی انہیں کافی تگ ودو کرنا پڑتی تھی۔ غربت کے باعث امر بچپن سے ہی گھر سے باہر زیادہ وقت گزارتا تھا۔

اس کی زندگی میں بچپن کو سلسلہ وار قاتل کے روپ میں بدلنے کا واقعہ اس وقت رونما ہوا جب 2007 اس کی خالہ ملازمت کے لیے ان کے شہر آئی جو ملازمت پر جاتے وقت اپنے بیٹے کو بہن کے گھر چھوڑ جاتی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ ایسے ہی ایک دن امر کی ماں کو سودا سلف لانے کے لیے گھر سے باہر جانا پڑا تو اس دوران امر کی کزن اور چھوٹی بہن گھر میں تھی۔ اس موقع پر لڑکے نے بچی کو تھپڑ مارنا شروع کر دیے، جب بچی روئی تو اس کو یہ کھیل اچھا لگا اور اس نے یہ کھیل جاری رکھا اور اسی دوران بچی کا گلا دبا کر اس کی سانسیں روک دیں۔

بچے کی موت واقع ہونے پر لڑکا اسے گھر کے باہر زمین میں دفن کر کے گھر واپس آگیا اور جب اس کی ماں نے واپسی پر بچے کا پوچھا تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا جس کو سن کر ماں حیران و پریشان ہوگئی۔

امر کے والد نے اپنے بیٹے کو جسمانی طور پر سزا دی لیکن پولیس کو اس کی اطلاع نہیں دی جب کہ مقتول بچے کی ماں کو بھی جھوٹی کہانی گھڑ کر سنا دی۔

والدین کے اس عمل سے امرجیت کا حوصلہ بلند ہوا اور اگلا شکار اس نے اپنی 8 ماہ کی شیر خوار بہن کو بنایا اور بچی کو اس وقت گلا گھونٹ کر مار ڈالا جب اس کے ماں باپ سو رہے تھے لیکن اس معاملے کو بھی پولیس سے چھپا لیا گیا۔ لڑکے کے چچا کے مطابق خاندان کے کچھ افراد کو امر کے ان جرائم کا پتہ تھا لیکن خاندانی معاملہ سمجھ کر کوئی بولتا نہیں تھا۔

امر کے جرائم پر پردہ ڈالنے سے سیریل کلنگ کی نفسیاتی خواہش بڑھ گئی اور اسی سال اس نے 6 ماہ کی بچی کشبو کو قتل کر دیا جس کے بعد یہ معاملہ پولیس کے علم میں بھی آگیا۔

تیسرے مقتول بچے کی ماں نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو سوتا چھوڑ کر اسکول گئی تھی لیکن جب وہ واپس آئی تو بیٹی غائب تھی۔ واقعے کے چند گھنٹوں کے بعد امر جیت نے مبینہ طور پر بچی کو گلا گھونٹ کر اور اینٹ مار کر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا اور گاؤں والوں کو اس جگہ لے گیا جہاں اس نے بچی کو قتل کے بعد دفنایا تھا۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے امر جیت کو حراست میں لے لیا اور تھانے لے گئی۔ انسپکٹر شترو دھن کمار نے کہا کہ تینوں بچوں کا قتل ایک ہی طریقے سے کیا گیا جب کہ گرفتاری کے وقت سیریل کلر امر جیت خوفزدہ نہیں تھا بلکہ مسکرا رہا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ان واقعات کے بعد ایک ماہر نفسیات نے قاتل لڑکے کو اداس شخص قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسے نفسیاتی طور پر دوسرے کو زخمی کرکے خوشی ملتی ہے۔

امرجیت کو جس وقت گرفتار کیا گیا تو وہ 8 سال کا تھا اور بھارتی قانون کے مطابق بچے کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا جس کے باعث اسے مونگیر قصبے میں ایک گھر میں رکھا گیا تھا جب کہ اس دوران اس کے نفسیاتی ٹیسٹ بھی کرائے گئے جس کے بعد یہ خیال کیا گیا کہ وہ ’’کنڈکٹ ڈس آرڈر‘‘ کا شکار ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسے نفسیاتی علاج کے بعد 16 سال کی عمر میں رہا کر دیا گیا تھا تاہم اس کا موجودہ ٹھکانہ کسی کو معلوم نہیں لیکن اس وقت امر جیت کی عمر 23 سال کے لگ بھگ ہوچکی ہے اور وہ ایک نئی شناخت کے ساتھ اپنی زندگی گزار رہا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button