HTV Pakistan
بنیادی صفحہ » بالی وڈ » 2018: بالی وڈ میں سٹارز کے بجائے مضبوط کہانی کا راج رہا

2018: بالی وڈ میں سٹارز کے بجائے مضبوط کہانی کا راج رہا

پڑھنے کا وقت: 2 منٹ

فاروق چیمہ…..

سال 2018ء ایک طرف تو بالی وڈ پر تین دہائیوں سے راج کرنے والے خانز کیلئے اچھا ثابت نہیں رہا جبکہ دوسری طرف شائقین نے سٹارز کی بجائے مضبوط کہانیوں پر مبنی فلموں کو کافی پسند کیا۔

رواں سال سلمان کی ریس 3 ، عامر خان کی ٹھگز آف ہندوستان اور شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم زیرو شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔

بالی وڈ میں خواتین کے مسائل پر بننے والی فلموں کا بھی راج نظر آیا۔ عالیہ بھٹ کی فلم راضی جس میں وہ جاسوس کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں، فلم بینوں کو کافی پسند آئی اور باکس آفس پر فلم نے زبردست بزنس کیا۔ فلم کی ہدایت کاری میگھنا گلزار نے دی ہے۔

خواتین کے موضوع پر بننے والی ایک اور فلم ویرے دی ویڈنگ جس میں کرینہ کپور اور سونم کپور نے مین رول ادا کیا ہے، بھی کافی مقبول ثابت ہوئی۔ ویرے دی ویڈنگ میں شادی کے موضوع پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

گزشتہ سال متعدد تنازعات کا شکار رہنے والی سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوت ایک اور ویمن سنٹرک فلم ہے۔ پدماوت میں دیپکا پدوکون نے مین کردار ادا کیا ہے۔ اس پیریڈ فلم میں شاہد کپور اور رنویر سنگھ بھی مضبوط کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ پدماوت نے بھی باکس آفس پر دو سو کروڑ کا بزنس کیا۔

شردھا کپور کی ہارر فلم ستری بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اس فلم نے سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ ستری میں شردھا کپور ایک چڑیل کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں۔

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم سنجو جس میں رنبیر کپور سنجے دت کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں، سال کی کامیاب ترین فلم رہی۔ سنجو نے باکس آفس پر تین سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔

یہ بھی پڑھیں! 2018 کی نوبیل انعام یافتہ شخصیات

اکشے کمار کی فلم پیڈ مین جس میں خواتین کے ماہواری کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے کافی پسند کی گئی۔ فلم میں اکشے کے علاوہ سونم کپور بھی موجودہ ہیں۔ اکشے کی ایک اور فلم گولڈ جیسے بھارتی ہاکی ٹیم کے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے حوالے سے بنایا گیا ہے۔ ایشومان کی فلم بدھائی ہو ایک اور ایسی فلم تھی جس میں بڑی عمر میں ماں بننے کو موضوع بنایا گیا ہے، کافی پسند کی گئی۔ فلم میں ایسے جوڑے کی کہانی کو موضوع بنایا گیا جن کے بچے جوان ہیں تاہم ان بچوں کی ماں پھر حاملہ ہو جاتی ہے جسے ابتدائی طور پر بچے قبول نہیں کر پاتے۔

سونو کی ٹیٹو کی سویٹو میں تین دوستوں کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ یہ فلم بھی رواں سال کی کامیاب ترین فلموں میں سے رہی۔ ان فلموں کو سال کے آغاز پر ڈارک ہارس قرار دیا جا رہا تھا اور کسی کو بھی ان فلموں کے اتنا بڑا بزنس کرنے کی توقع نہیں تھی۔ تاہم شائقین نے سٹارز کی بجائے مضبوط کہانی پر مبنی فلموں کو پسندیدگی کی سند سونپی ہے جو آنے والے سال میں سٹارز پاور کو مزید کمزور کر دے گی۔

جواب دیجئے