خبریںپاکستان سے

کوئٹہ: مستونگ روڈ پر خود کش دھماکا، 3 سکیورٹی اہلکار شہید، 20 زخمی

مستونگ قومی شاہراہ پر سونا خان تھانے کی حدود میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق صبح کوئٹہ مستونگ قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 20 کے قریب زخمی ہوئے جنہیں کوئٹہ کے ایف سی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خود کش حملے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل کوئٹہ اظہر اکرم نے دھماکے کے نتیجے میں3 افراد کے جاں بحق اور 15 زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

قبل ازیں 22 اگست کو صوبہ بلوچستان کے علاقے گچک میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک کیپٹن شہید اور دو جوان زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دہشت گردوں کے نصب کردہ دھماکا خیز مواد سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں کیپٹن کاشف نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 2 جوان زخمی ہوئے۔

20 اگست کو ضلع گوادر میں چین کے شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب ‘خودکش دھماکے’ سے دو بچے جاں بحق جبکہ گاڑی کے ڈرائیور سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ 15 اگست کو بلوچستان کے ضلع لورالائی کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور میجر سمیت 2 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 8 اگست کو کوئٹہ میں جناح روڈ کے قریب تنظیم چوک پر سرینا ہوٹل کے سامنے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 8 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Leave a Reply

Back to top button