یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے یورپ میں فلائٹ آپریشن سے پابندی اٹھالی۔
ایاسا نے وزرات ہوا بازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ قوانین اور ضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گا، پی آئی اے انتظامیہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد سنگ میل عبور کیا۔
یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے نجی ایئرلائن ایئر بلیو کو بھی ٹی سی او جاری کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے، پابندی اٹھنے سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نجی ایئرلائن کی پروازیں بھی یورپی ممالک کے لیے شروع ہوں گی، عالمی شہری ہوا بازی تنظیم کے معیار کو یقینی بنانے سے کامیابی ممکن ہوئی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امید ہے پی آئی اے پر برطانیہ اور دیگر ممالک میں بھی پابندی ہٹ جائےگی۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے پر یورپی ممالک کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کرنے کے یورپی یونین کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔