تازہ ترینسیاسیات

بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا دور نہیں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ اور دیگر کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی ہے، 25 مئی کے ملزمان کے خلاف 15 دن میں رپورٹ پیش ہو گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عطاء تارڑ اور رانا ثناء اللّٰہ کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، ان کو پولیس کے سامنے پیش ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا اور ن لیگ کی قیادت کے گھر بھی دور نہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم سے دو صوبوں کی حکومتیں ختم کرنے کا کہا گیا تو ہم سندھ حکومت کے خاتمے کی بات کریں گے، صوبائی حکومتیں ختم کرنے کی باتیں الیکشن فریم ورک ہیں، پہلے الیکشن کا اعلان تو کریں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج لاہور کے شہریوں کے ساتھ مل کر آزادی کا جشن منانا چاہتے ہیں، آج عمران خان ایک بڑے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم اسٹریٹ موومنٹ شروع کریں تو پانچ دن یہ حکومت نہیں چل سکتی، شہباز شریف الیکشن کا اعلان کریں تو فریم ورک پر بات کر سکتے ہیں، حکومت کا مطالبہ ہو گا کہ پنجاب اور خیبرپختون خوا حکومت ختم کردیں۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ شہباز گل نے کل مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا کہ انہوں نے وہ بیان خود دیا تھا، شہباز گل پر بہت پریشر ڈالا گیا کہ وہ کہیں کہ یہ عمران خان نے کہا تھا، نہ کوئی میٹنگ ہوئی نہ کوئی بیان ہوا، رانا ثناء اللّٰہ کو قصے کہانیاں گڑنے کا شوق ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ اور کینڈی کریش چیمپئن روز آ کر جھوٹ بولنے بیٹھ جاتے ہیں، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن میں ہمت ہے تو عمران کے مقابلے میں الیکشن لڑیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button