سیاسیات

معیشت کی بہتری کیلیے بانی پی ٹی آئی کو وزیر اعظم بنانا ہوگا

رہنما پاکستان تحریک انصاف پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلیے بانی پی ٹی آئی کو وزیر اعظم بنانا ہوگا۔

عدالت پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ شہباز شریف نے ہاتھ کر دیا، شہباز شریف نے اپنے بھائی کو پاکستان بلایا اور ذلیل کروا دیا۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر لاڈلوں کو ڈاکا نہیں مارنے دیں گے، الیکشن کی اچھی بات یہ تھی کہ عوام نے لاڈلوں کو مسترد کر دیا، نواز شریف کا رہا سہا بھرم بھی خاک میں مل گیا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اب یہ عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ہمارا انتخابی نشان چھین لیا گیا اور الیکشن مہم بھی نہیں چلانے دی گئی، سب اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود عوام کا اظہارِ محبت قابلِ تحسین ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چھاپے اور گرفتاریوں سے کارکنوں کو ہراساں کیا گیا لیکن پھر بھی زندہ باد کا نعرہ لگا، پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں دینے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں دھاندلیوں کی نئی مثالیں قائم کی گئی ہیں، ہمارے امیدوار واضح جیت رہے تھے رات کے اندھیرے ڈاکا مارا گیا، عوامی مینڈیٹ سے خالی کمزور حکومت سے مسائل مزید بڑھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button